ملکی دفاع کیلئے جانیں دینے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، راجہ پرویزاشرف


گوجر خان(قدرت روزنامہ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ملکی دفاع کے لئے جانوں کی قربانیاں دینے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر گوجر خان میں سوار حسین شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے جری سپوت سوار محمد حسین شہید نے ملکی دفاع کو محفوظ بناتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، کیپٹن سرور شہید، سوار محمد حسین شہید سمیت پورے ملک کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا 9 مئی کے واقعات کو ملکی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، 9 مئی کے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ملک اور افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔