شہدا کی یادگاریں ہمارے لئے کسی تاج محل سے کم نہیں: فردوس عاشق اعوان


لاہور(قدرت روزنامہ) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان وطن کے بہادروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر دفاع پاکستان کے ناقابل تسخیر ہونے کا دن ہے، شہدا کی یادگاریں ہمارے لئے کسی تاج محل سے کم نہیں، شہدا کی تعظیم و تکریم کی تعلیم ہماری پرورش کا حصہ ہونا چاہئے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس دن پاک فوج کے بہادر جوانوں اور افسروں نے بہادری کی سنہری داستان رقم کی، اس دن مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کر دیا تھا، شہدائے 6 ستمبر قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہی کی قربانیوں سے آج یہ گلستان شاد و آباد ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی نے مادر وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا بہادر فوج نے اس آنکھ کو بصارت سے محروم کر دیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 6 ستمبر ایفائے عہد کا دن ہے، ہم بطور قوم ان قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کر سکتے، موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ شہدا کو اپنے دلوں میں بسائیں۔