سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری کردی


نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا حصول یقینی بنانے کی تاکید کردی
سعودی عرب(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے نسک یا توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا حصول یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے پیارے مہمانوں! برائے مہربانی یقینی بنائیں کہ آپ نسک یا توکلنا ایپلی کیشن کے ذریعے درخواستیں جمع کرواکر عمرہ کا اجازت نامہ حاصل کریں اور اس میں دی گئی آخری تاریخ کی پابندی پر لازمی عمل کیا جائے۔
اسلام کے دو مقدس ترین مقامات مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں عبادت گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آب زم زم تک رسائی حاصل کرنے اور پینے کے دوران رہنما اصولوں کے ایک سیٹ پر عمل کریں، سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط میں پرہیزگاری کی تلقین کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ساتھی زائرین کے ساتھ جھگڑا کرنے سے گریز جائے اور بزرگوں کو بابرکت پانی تک رسائی میں ترجیح دی جائے، آب زم زم پینے کے بعد ڈسپوزیبل گلاس مخصوص جگہوں پر ٹھکانے لگائیں اور جگہ کو صاف رکھنے میں مدد کے لیے فرش پر پانی نہ گرنے دیں۔
معلوم ہوا ہے کہ مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں آب زم زم کے جراثیم سے پاک کنٹینرز فراہم کیے جاتے ہیں، آب زم زم خاص طور پر بیرون ملک مقیم مسلمانوں میں مقبول ہے جو گھر واپسی کے بعد رشتہ داروں اور دوستوں کو تحفے کے طور پر پیش کرنے کے لیے اس پانی کی بوتلیں خریدتے ہیں، عمرہ ادا کرنے کے بعد روانہ ہونے والے زائرین نسک ایپ کے ذریعے زم زم کی بوتلیں بک کرکے حاصل کر سکتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ عمرہ کا سیزن نئے اسلامی ہجری سال کے آغاز پر حج کے اختتام کے بعد شروع ہوا، وہ مسلمان جو جسمانی یا مالی طور پر حج کی استطاعت نہیں رکھتے، وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں، حالیہ مہینوں میں سعودی عرب نے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کو عمرہ کرنے کے لیے ملک میں آنے کے لیے بہت سی سہولیات متعارف کرائی ہیں، مختلف قسم کے داخلے کے ویزے رکھنے والے مسلمانوں کو عمرہ کرنے اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے جانے کی اجازت ہے۔