پاکستان

شوگر ملوں کے گیٹ پر ایف بی آر ٹیمیں تعینات، اسمگلروں کیخلاف کارروائیاں شروع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پرکارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع وزارت فوڈ سکیورٹی کے مطابق تمام شوگر ملوں کے گیٹ پر ایف بی آرنے ٹیمیں تعینات کردی ہیں اور وزارت خزانہ نے اسمگلروں کیخلاف کارروائیاں بھی شروع کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان اور ایران کی سرحدوں پر بھی چیکنگ بڑھا دی گئی ہے اور سرحدوں پر اسمگلروں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے خفیہ اداروں کی مدد لی جارہی ہے۔
وزارت فوڈ سیکورٹی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے چینی کی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنائیں اور منافع خوروں کےخلاف بھی کارروائیاں تیز کریں۔ دوسری جانب ایف بی آر نے اشیا کی غیر قانونی نقل وحمل اور اسمگلنگ روکنے کیلئے آزاد کشمیر کو پاکستان سے ملانے والی 2 شاہراہوں پر چوکیاں قائم کرلی ہیں۔ ایف بی آر نے کوہالہ پل اور منگلہ پل پر چیک پوسٹیں قائم کیں اور چیک پوسٹوں کے قیام سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
ایف بی آر کے مطابق کوہالہ پل پر قائم چیک پوسٹ کو 2 موبائل ٹیموں کی سہولت ہوگی، کوہالہ پل چیک پوسٹ کا دائرہ اختیار مری ایکسپریس وے، جی ٹی روڈ اور بھوربن روڈ سے بارہ کہو تک ہے۔ ایف بی آر نے بتایا کہ میرپور کو پنجاب سے ملانے والی منگلہ روڈ پر ناکودار چیک پوسٹ قائم کی گئی جس کا دائرہ اختیار منگلا روڈ، دینہ بائی پاس، جی ٹی روڈ جہلم اور کلر سیداں کی طرف دھان گلی تک ہوگا، ناکودار چیک پوسٹ کو ایک موبائل ٹیم کی بھی خدمات حاصل ہونگی۔

متعلقہ خبریں