پنک بس ٹکٹ چیکر کے یونیفارم کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کراچی(قدرت روزنامہ)پنک بس کی ٹکٹ چیکر کے یونیفارم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔سندھ ہائیکورٹ میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس کی ٹکٹ چیکر کے یونیفارم کے خلاف ایڈوکیٹ شازیہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنک بس کی ٹکٹ چیکر کا یونیفارم دیکھ کرحیرت ہوئی۔
درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ پنک بس ٹکٹ چیکر نے سفید شلوار قمیض اور کالا کوٹ پہنا ہوا تھا جو خواتین وکلا کا آفیشل یونیفارم ہے۔پنک بس سروس کی ٹکٹ چیکر کا یونیفارم تبدیل کرنے کے لیے بار ایسوسی ایشن سے بھی رجوع کیا تاہم انہوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔
درخواست میں سندھ حکومت، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائرکٹر پنک بس سروس کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹکٹ چیکر کا یونیفارم تبدیل کرنے کا حکم دیا جائے۔