دبئی سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے لیپ ٹاپ، آئی فون اور دیگر اشیا برآمد


کراچی(قدرت روزنامہ) دبئی سے آنے والے مسافروں سے کروڑوں روپے مالیت کے لیپ ٹاپ، آئی فون اور دیگر اشیا برآمد کرکے ضبط کرلی گئیں۔پاکستان کسٹمز نے جناح ٹرمینل ارائیول پر ایک بڑی کارروائی میں دبئی سے آنے والے 4مسافروں سے 6کروڑ 18لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کرلیا گیا۔ مسافر کھیپ کے ساتھ ائربلیو کی پرواز پی اے 111 سے کراچی پہنچے تھے۔
مسافروں کے ضبط شدہ سامان میں 27لیب ٹاپ، 5کلو کاسمیٹکس، 36آئی فونز، 37گھڑیاں، 65آئی پیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 1250کمپیوٹر ریم، 472 سگریٹ کے کارٹن، 59ایپل پنسل، 97 ائرپوڈز اور 21میک بک برآمد ہوئی ہیں۔
مسافروں کو حراست میں لیتے وقت ایک مسافر نے خود کا سابق رکن قومی اسمبلی کے طور پر تعارف کرایا جو غلط ثابت ہوا۔ گرفتار مسافروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ زیرحراست مسافروں کے پروٹوکول کا بندوبست اظہر علیمی نامی کسٹمز کے سپرنٹنڈنٹ نے کیا تھا، جو ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ائرپورٹ کے شعبہ ایچ آر ڈی کے انچارج ہیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق شک کی بنیاد پر سامان کی اسکیننگ میں غیرملکی اشیا کی اسمگل ہونے کی نشاندہی ہوئی۔ کسٹمز کا سپاہی عاشق حسین پروٹوکول کی ذمےداری انجام دے رہا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سپاہی عاشق حسین کی نگرانی میں پرٹوکول میں غیر ملکی شراب برآمد ہوچکی ہے۔