مراکش میں شدید زلزلے سے قیامت صغریٰ برپا، 820 افراد ہلاک


رباط(قدرت روزنامہ)مراکش میں خوفناک زلزلے سے قیامت صغریٰ برپا ہو گئی۔ قدرتی آفت میں 820 افراد ہلاک اور 670 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔


بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مراکش میں تباہ کن زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، جس سے عمارتیں لرز اٹھیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ حکام کے مطابق علاقے کی تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 820 ہے جب کہ 670 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔


زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، تاہم مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جس کے باعث خوفزدہ شہریوں نے رات کھلےمقامات اورسڑکوں پرگزاری۔


امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق شدید زلزلہ مراکش کےپہاڑی علاقے اٹلس میں آیا، جس کامرکز مراکش کے جنوب مغرب میں 75 کلومیٹر دور تھا۔ زیر زمین گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب مراکش کے ہمسایہ ملک الجیریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔