مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب کیا جائے، سراج الحق


لاہور(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکزی شعبہ نشرواشاعت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ مہنگے آئی پی پیز معاہدوں کے ذمہ داران کا سرعام احتساب ہونا چاہیے، گزشتہ پانچ برسوں میں معیشت و امن و امان تباہ، مہنگائی کا طوفان آیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں ادارے کمزور ہوئے، قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، بجلی کے بل موت کے پروانے بن گئے، چینی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈبل سنچری کراس کر گئی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم مزید ظلم برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں، قرضوں کی معیشت اور سودی نظام کے ہوتے ہوئے بہتری نہیں آ سکتی، عوام کو ریلیف دیا جائے، بجلی کے ٹیرف میں فی الفور کمی کی جائے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی آواز اور ملک کی امید ہے۔