کرینہ کپور نے فلم ’کل ہو نہ ہو‘ میں شاہ رُخ خان کیساتھ کام کرنے سے کیوں انکار کیا تھا؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی موڈی اداکارہ، کرینہ کپور عرف بیبو نے فلم ’ کل ہو نہ ہو‘ میں شاہ رخ خان کے مدِ مقابل کردار کی آفر کو ٹھکرادیا تھا جس کی وجہ سے متعلق اب انکشاف ہوا ہے۔اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے کریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں کی ہیں مگر اُنہیں زیادہ تر اُن کی فلم ’جب وی میٹ‘ میں بطور گیت اور فلم ’ کبھی خوشی کبھی غم‘ میں پوجا شرما (پو) سے جانا جاتا ہے۔
2003ء میں ریلیز ہونے والے فلم ‘کل ہو نہ ہو‘ پریتی زنٹا سے قبل کرینہ کپور کو آفر ہوئی تھی جسے اداکارہ نے ٹھکرا دیا تھا اور بعد ازاں یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔
اداکارہ کرینہ کپور کا بھارتی میڈیا ’بالی ووڈ ببل‘ سے انٹرویو کے دوران انکشاف کرتے ہوئے بتانا ہے کہ اس فلم میں اُنہیں معاوضہ بہت کم دیا جا رہا تھا جبکہ وہ مرکزی کردار، شاہ رخ خان کے برابر معاوضہ وصول کرنا چاہتی تھیں۔اداکارہ کے مطابق فلم ’کل ہو نہ ہو‘ میں کام سے انکار کی وجہ اسکرپٹ پسند نہ آنا نہیں تھی۔
دوسری جانب کرن جوہر کا اس مطالبے پر کرینہ کپور سے کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ خان سے بڑی اداکارہ نہیں ہیں، اس لیے اُنہیں ہیرو کے برابر معاوضہ نہیں ملے گا۔کرینہ کپور کا بتانا ہے کہ اس کے بعد اُن کا اور کرن جوہر کا طویل عرصے تک ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑا بھی رہا تھا اور دونوں نے طویل عرصے تک ایک دوسرے سے بات نہیں کی تھی۔
دوسری جانب اس سے متعلق ایک انٹرویو کے دوران فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کی ہیروئن پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ یہ فلم ان کے کیریئر کی سب سے خاص فلم ثابت ہوئی تھی اور اُنہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اُن سے قبل یہ فلم کسے آفر ہوئی۔
یاد رہے کہ فلم ’کل ہو نہ ہو‘ 2003ء میں ریلیز ہوئی تھی جس میں پریتی نے ’نینا‘ نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ان کے ہمراہ شاہ رخ خان اور سیف علی خان مرکزی کرداروں میں شامل تھے۔ اس فلم کی ہدایت نکھل ایڈوانی نے دی تھی اور کرن جوہر اس فلم کے پروڈیوسر تھے۔