نگران حکومت پی ڈی ایم کے فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں: شیخ رشید
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نگران حکومت پی ڈی ایم کے فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 16 مہینوں میں 13 پارٹیوں کا حکومت میں سے کوئی بھی فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہے ان تمام پارٹیوں نے مل کر فیصلے کئے، آئی ایم ایف کے فیصلے پر مٹھائیاں بانٹی سارا بوجھ عوام پر ڈالا جو اب ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام 13 پارٹیاں تباہی اور بربادی کی ذمہ دار ہیں یہ ریاست بچانے کا نعرہ لگا کر ریاست کو معاشی طور پر تباہ کر کے گئے ہیں، یہ ریاست بچانے کا نام لیتے ہیں عوام کا نام ہی ریاست ہے جنہیں انہوں نے اندھے کنویں میں پھینک دیا ہے۔
16 مہینے میں 13 پارٹیوں کا حکومت میں سے کوٸی بھی فیصلوں کا بوجھ اٹھانے کے لٸے تیار نہیں ہے ان تمام پارٹیوں نے مل کرفیصلے کیے IMF کے فیصلے پر مٹھاٸیاں بانٹی سارا بوجھ عوام پر ڈالا جو اب ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں تمام 13پارٹیاں تباہی اور بربادی کی ذمہ دار ہیں یہ ریاست بچانے…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 9, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب نون لیگ کے علاوہ ساری پارٹیاں 90 دن میں الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں، یہ وہی پارٹیاں ہیں جو الیکشن سے خوفزدہ تھیں اور آج بھی خوفزدہ ہیں جو 16 ماہ میں 13 پارٹیوں نے ملکر تباہی اور بربادی کی ہے کوئی بھی عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ زیاده تر شوگر ملیں سابق صدر، وزیراعظم، وزرا کی اور حکومت کے فرنٹ مینوں کی ہیں جو ہمیشہ اپنی مرضی کے فیصلے کروا لیتے ہیں اور سزا غریب عوام بھگتے ہیں۔