مومنہ اقبال نے شوبز انڈسٹری میں شادی کرنے کا فائدہ اور نقصان بتادیا
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو، اُبھرتی اداکارہ مومنہ اقبال نے شوبز انڈسٹری میں شادی نہ کرنے کا حلف اٹھا لیا۔اداکارہ مومنہ اقبال نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے نائٹ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران اداکارہ نے میزبان، مومن ثاقب سمیت ناظرین کے سوالات کے جوابات دیے۔اداکارہ نے بتایا کہ اُ نہیں فلائٹ فوبیہ ہے، جہاز میں سفر کرنا اُن کے لیے بہت مشکل کام ہے مگر مجبوراً بذریعہ جہاز اُنہیں ایک سے دوسرے شہر سفر کرنا پڑتا ہے۔
مومنہ اقبال نے شو کے دوران نئے اداکاروں کو کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والے مسائل پر بھی بات کی۔اداکارہ نے کہا کہ وہ آج کل کی سیاسی صورتحال کے سبب بہت پریشان اور غصے میں ہیں، انہوں نے تاحال نہیں سوچا کہ آئندہ الیکشن میں ووٹ کس سیاسی جماعت کو دیں گی۔
اداکارہ نے شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں شادی کرنے کے بہت فوائد ہیں، شادی کرنے کے لیے اداکاروں کو مفت میں کپڑے اور سب کچھ مل جاتا ہے اور شادی ہو جاتی ہے، اداکاروں کے بچوں کی تقریبات پر بھی خرچہ نہیں آتا۔
مومنہ اقبال نے انڈسٹری میں شادی کرنے کا نقصان بتاتے ہوئے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کے کون کس کی تعریف کر رہا ہے، بیوی اپنی اور شوہر اپنی تعریفوں میں لگے رہتے ہیں اور پھر اس طرح سے لڑائیاں ہو جاتی ہیں۔ شو کے دوران اداکارہ نے حلف اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں شادی نہیں کریں گی۔