’جوان‘ کا خوف، کنگنا رناوت کی فلم ’چندرمکھی2‘ کی ریلیز ملتوی


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی میگا تھرلر فلم ’جوان‘ کی تاریخ ساز کامیابی کے خوف سے کنگنا رناوت کی فلم ’چندرمکھی2‘ کی ریلیز ملتوی کردی گئی۔ نامور فلمساز پی واسو کی فلم کی ریلیز کیلئے 15 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی اور اب اسے 28 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
کنگنا رناوت اور راگھو لارنس کی فلم کے التوا کی وجوہات ٹیکنیکل بتائی گئی ہیں جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ ’جوان‘ کی بے پناہ کامیابی کے بعد کیا گیا ہے۔
ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے پہلے دن ہی 129 کروڑ کا تاریخ ساز بزنس کرکے انڈسٹری میں تہلکہ مچادیا ہے اور مزید سنگ میل عبور کرنے کیلئے اس کی پیش قدمی جاری ہے۔ واضح رہے کہ کنگنا رناوت کی نئی فلم 2005 میں ریلیز ہونے والی ’چندرمکھی‘ کا سیکوئیل ہے جس میں رجنی کانت اور جیوتھیکا نے کام کیا تھا۔