اسلام آباد میں میاں بیوی کے قتل کا مقدمہ بھائی اور بھانجے کیخلاف درج


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں میاں بیوی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا . تھانہ سبزی منڈی پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتولہ خاتون کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا .

مقدمے کے متن کے مطابق قاتل اور مقتولین کے درمیان پہلے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا .
مقتولہ خاتون اور اس کے والد کے خلاف کچھ دوسرے مخالفین نے تھانہ کھنہ میں لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے . مقتولہ کے بھانجے راشد محمود نے ایک لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے گھر والوں نے لڑکے کے نانا اور خالہ ریحانہ (مقتولہ) سمیت متعدد افراد پر اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا .
والد محمد سردار نے بتایا کہ 35 سالہ بیٹی ریحانہ سردار اپنے 35 سالہ شوہر ظفر اقبال اور 3 سالہ بیٹے جوہر علی کے ساتھ اسی اغوا کے کیس میں پیشی کے بعد کچہری سے واپس جا رہی تھی کہ ملزمان نے تعاقب کیا اور فقیر ایپی روڈ پر میٹرو کے قریب فائرنگ کی . جس سے بیٹی ریحانہ اور خاوند ظفر اقبال جاں بحق ہو گئے .
والد نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سرفراز اور بیٹی عشرت کو جائیداد سے عاق کیا ہوا ہے اور مقتولہ بیٹی ریحانہ اور داماد ظفر کو ایک گھر خرید کر دیا تھا جس کا میرے بیٹے سرفراز اور عشرت کے بیٹے طارق محمود کو رنج تھا اور ان دونوں نے ہی میری بیٹی اور داماد کو قتل کیا ہے . اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی .

. .

متعلقہ خبریں