’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کی شوٹنگ کے بعد میں بیمار ہوگئی تھی، روینہ ٹنڈن کا انکشاف


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کی نامور اداکارہ روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کی شوٹنگ کے بعد وہ بیمار ہوگئی تھیں۔انڈین ڈانس ریئلٹی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ اسکرین پر نظر آنے والے گلیمر کے پیچھے بہت سی چھپی کہانیاں ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گانے کی شوٹنگ کے دوران انہیں ’ٹیٹینس‘ کے انجیکشن لگوانے پڑے اور وہ بیمار بھی ہوگئی کیوں کہ گانے میں بہت زیادہ پانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اداکارہ کے مطابق گانے کی ریہرسل کے دوران انہیں متعدد زخم لگے لیکن انہوں نے اس کی تکالیف کو برداشت کیا اور اسکرین پر کوئی اکتاہٹ نظر نہیں آنے دی۔
روینہ ٹنڈن کا کہنا تھا کہ ایک اچھے گانے کی شوٹنگ کیلئے فنکاروں اور کوریوگرافروں کو بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ واضح رہے کہ ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ بالی وڈ کا آئیکونک گانا ہے اور یہ 1994 کی فلم ’مہرہ‘ میں شامل تھا۔