امریکی سفیر کا دورہ گوادر، افسران پاک بحریہ، سیاستدانوں، تاجروں سے ملاقات


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےکہاہے کہ بلوچستان کے عوام اور امریکہ کے درمیان ایک مستقل اور مضبوط شراکت داری ہے۔امریکی سفیر نے گزشتہ روز گوادر بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران ترقی، تجارت اور تجارتی تعلقات کوترقی دینے کیلئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
اپنے دورے کے دوران سفیر بلوم نے سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کےنمائندوں اور حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کئے۔سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقات میں سفیر نے معاشی نمو، آفات کے دوران مدد اور تیاری ، سیکورٹی، اور امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بلوچستان کی ترقی کیلئے امریکی اعانت کا اعادہ کیا.
گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان سے اپنی ملاقات میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے ان عوامل پر توجہ مرکوز کی جن کے ذریعے امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔حکومتی اور کاروباری رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں سفیر بلوم نے پاک-امریکہ سبز اتحاد فریم ورک پر بھی بات کی ،جو ہمارے دونوں ملکوں کو مل کر ماحول، توانائی، پانی اور معاشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔
سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم خاص طور پر بلوچستان سمیت سارے پاکستان کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی استعدادبڑھانے، متبادل توانائی کیلئے کوششوں اور سب کیلئے معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اعانت فراہم کررہے ہیں۔
سفیر بلوم نے گوادر بندرگاہ کا دورہ بھی کیا اور پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدی سے ملاقات میں بندرگاہ کی آپریشنز اور ترقیاتی منصبوں، گوادرکے علاقائی تجارتی مرکز بننے کی استعداد، اوراسے پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی، یعنی امریکہ، سے منسلک کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی پاکستان نیوی کی مغربی کمانڈ سے ملاقاتوں میں سفیر ڈونلڈ بلوم نےعلاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور آنے والے سالوں میں شراکت داری جاری رکھنے پر زور دیا۔