پوجا بھٹ نے اپنے اور عالیہ بھٹ کے رشتے سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی


ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف بھارتی فلم ساز پوجا بھٹ نے اپنے اور عالیہ بھٹ کے رشتے سے متعلق گردش کرتی خبروں پر پہلی بار ردعمل کا اظہار کردیا۔حال ہی میں ختم ہونے والے ریئلٹی شو بیگ باس او ٹی ٹی2 کی امیدوار پوجا بھٹ شو سے نکلنے کے بعد سے شہہ سرخیوں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
اب حالیہ انٹرویو میں انہوں نے ماضی میں اپنے اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے رشتے سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر بات کرتے ہوئے ان کی تردید کردی۔انہوں نے کہا کہ یہ تو ہمارے ملک میں کوئی نئی بات نہیں ہے، کسی کا نام بھی کسی کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔ اس طرح کی افواہیں پھیلانے والے اپنی ذہنیت کی نشاندہی کرتے ہیں اور کچھ نہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر عالیہ بھٹ اور پوجا بھٹ کے رشتے کو لے کر ایک تنازع کھڑا ہوا ہے اور یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ عالیہ بھٹ پوجا بھٹ کی سوتیلی بہن نہیں بلکہ بیٹی ہیں۔
خیال رہے کہ پوجا بھٹ ، مہیش بھٹ اور ان کی پہلی اہلیہ لورین برائٹ کی بیٹی ہیں، ان دونوں کی شادی 1970 میں ہوئی تھی جبکہ عالیہ بھٹ، مہیش بھٹ اور ان کی دوسری اہلیہ سونیا رازدان کی بیٹی ہیں اور ان کی شادی 1986 میں ہوئی تھی۔