عالمی مقابلہ حسن ’مس یونیورس‘ میں 5 پاکستانی حسینائیں بھی حصہ لیں گی


ایل سلواڈور(قدرت روزنامہ) تاریخ میں پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے مقابلہ حسن ’مس یونیورس‘ میں پاکستانی حسینائیں بھی حصہ لیں گی۔’مس یونیورس‘ کے مقابلے کیلئے 200 سے زائد امیدواروں سے پانچ پاکستانی دو شیزاؤں کا انتخاب ہوا ہے۔
پاکستان کی طرف سے مس یونیورس 2023 کے لیے ٹاپ 5 فائنلسٹ میں کراچی کی ایریکا رابن، لاہور کی حرا انعام، راولپنڈی کی جیسکا ولسن، پنسلوانیا سے پاکستان نژاد امریکی ملیکہ علوی اور پنجاب کی سبرینا وسیم شامل ہیں۔ مقابلے میں شامل حسینائیں مالدیپ میں فوٹو شوٹ میں حصہ لیں گی اور پانچوں حسیناؤں میں سے ایک کو فاتح قرار دیا جائے گا۔
’مس یونیورس‘ پاکستان اس سال نومبر میں ایل سلواڈور میں ہونے والے عالمی مقابلے میں مبینہ طور پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
دوسری جانب نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے مقابلہ حسن اور پاکستانی خواتین کی شرکت سے حکومت کی جانب سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری حکومت نے کسی غیرریاستی اور غیر حکومتی فرد یا ادارے کو ایسی کسی سرگرمی اجازت نہیں دی ہے۔