شویتا تیواری کے سابق شوہر کا بیٹی پلک کے ابراہیم علی خان سے تعلقات پر کیا کہنا ہے؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ، رئیلٹی شو بگ باس کی فاتح شویتا تیواری کے سابق شوہر، راجا چوہدری نے بیٹی، پلک کے ابراہیم علی خان کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔یاد رہے کہ شویتا تیواری اور راجا چوہدری کے درمیان 2007ء میں طلاق ہوئی تھی۔
حال ہی میں راجا چوہدری نے ہندی سینما میں اپنی بیٹی، پلک تیواری کی کامیابی، اُن کی والدہ، شویتا کے ہاتھوں تربیت اور اداکار سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کے ساتھ بہت زیادہ مشہور ہونے والے تعلقات پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں بھارتی میڈیا ’ ٹیلی چکر‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں راجا چوہدری نے پلک تیواری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑی ہو کر بہت خوبصورت ہو گئی ہے۔
راجا چوہدری نے بیٹی پلک سے متعلق بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ طویل عرصے بعد پلک سے ملے تھے، وہ ایک خوبصورت لڑکی بن گئی ہے، وہ اچھی طرح سے بات کرنا جانتی ہے، وہ جم جاتی ہے اور خود کو اچھی طرح سے سنبھالنا جانتی ہے، اس کے علاوہ وہ نہ شراب پیتی ہے اور نہ ہی سگریٹ پیتی ہے۔
راجا چوہدری نے سابقہ اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ پلک کو شویتا سے بہتر پرورش کوئی نہیں دے سکتا تھا، شویتا ایک مصروف اور اکیلی ماں تھی، جس نے جو کام اچھا کیا ہو تو اُس کی تعریف کی جانی چاہیے۔پلک تیواری کے والد، راجا چوہدری نے بیٹی کے ابراہیم علی خان کے ساتھ تعلقات سے متعلق پھیلی افواہوں پر بھی بات کی۔
انٹرویو کے دوران بیٹی سے متعلق افواہوں کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں راجا چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ ایسی خبروں سے بالکل ٹھیک محسوس کرتے ہیں، اُنہیں کوئی پریشانی نہیں ہے، پلک اس عمر میں ہے کہ وہ اپنا فیصلہ خود لے سکتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پلک کو جو بھی اچھا لگے میں اس میں خوش ہوں، پلک خوش ہے تو میں خوش ہوں اور اگر وہ اداس ہے تو میں اداس ہوں۔