وزارت اطلاعات بلوچستان ریڈیو اسٹیشنز اور پی ٹی وی بولان کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کرے گی


وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سے وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئ کی ملاقات میں اتفاق
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بلوچستان کی وزارت اطلاعات وفاقی وزارت کے میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے حکومت کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے پانچ ریڈیو اسٹیشنوں اور پی ٹی وی بولان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرے گی۔اس پر اسلام آباد میں بلوچستان کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ جان اچکزئی اور وفاقی وزیر اطلاعات و مواصلات مرتضیٰ سولنگی نے اتفاق کیا۔
وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئ نے گذشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سے ملاقات کی ‘ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات نے وزارت اطلاعات بلوچستان کے انفارمیشن افسران کو پاکستان انفارمیشن سروس اکیڈمی کی طرف سے تربیت دینے پر بھی اتفاق کیا۔انہوں نے پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے لیے نئی ٹرانسپورٹیشن کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں عمارتوں کے کچھ حصے کو کمپیوٹر اور ڈیجیٹل ٹریننگ سینٹرز کے لیے دوبارہ استعمال کرنے پر اتفاق کیا،
جس سے ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ سینٹرز کو کرائے کی بچت سے فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ بہت جلد ایک وفاقی ڈیجیٹل ہب قائم کیا جا رہا ہے اور اس حب کے ذریعے بلوچستان پی ٹی وی کے پروڈیوسرز اور افسران کو تربیت دی جائے گی اور ڈیجیٹل مہارتوں کو مزید اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے بلوچستان کے امیر تنوع کی عکاسی کرنے کے لیے ہزارگی زبان کے لیے ایک بلیٹن رکھنے کا بھی وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام وعدوں پر عمل درآمد چھ ہفتوں کے دورانیے میں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تمام بوسٹرز کو ترجیحی طور پر سولرائز کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ ان کی قیادت میں وزارت اطلاعات، پی ٹی وی، ریڈیو اور پی آئی ڈی بلوچستان کے تمام مسائل وزیراعظم انور کاکڑ کے ویژن کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔بلوچستان کے وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے بلوچستان کے لیے بھرپور حمایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و مواصلات کا شکریہ ادا کیا۔