نسیم شاہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ


لاہور(قدرت روزنامہ) ورلڈکپ سے پہلے پاکستانی ٹیم کو دھچکا، فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔نسیم شاہ بھارت کے خلاف میچ کے 46 ویں اوورز میں دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، دبئی میں نسیم شاہ کا مکمل چیک اپ کیا گیا، جس کی رپورٹ تسلی بخش نہیں اور سنجیدہ نوعیت کی انجری کا انکشاف ہواہے۔
نسیم شاہ کے حوالے سے پی سی بی ایک اور میڈیکل پینل سے بھی مشاورت کرے گا، جس کے بعد دائیں ہاتھ کے پیسر کے مستقبل کا فیصلہ ہوسکے گا۔اطلاعات کےمطابق نسیم شاہ نہ صرف ورلڈکپ بلکہ کم ازکم چھ ماہ کے لیے کرکٹ سے دور ہوسکتےہیں۔ ورلڈکپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان اگلےہفتے ہونا ہے۔
انجریز مسائل نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی پریشانیوں میں اضافہ کردیاہے۔ نسیم شاہ کے باہر ہونے کی صورت میں زمان خان اور محمد حسنین موزوں امیدوار ہوسکتےہیں، ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم کی روانگی 28 ستمبر کو طے ہے۔