وزیراعلیٰ پنجاب 6 صوبائی وزراء کے ہمراہ سرکاری دورے پر چین روانہ


لاہور (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی 6 صوبائی وزراء کے وفد کے ہمراہ چین کے 5 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی لاہور ایئر پورٹ سے چین کیلئے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر چین کے قائم مقام قونصل جنرل نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا چین کا دورہ باہمی تعاون کے فروغ کیلئے اہم ہوگا۔
محسن نقوی اپنے دورہ چین کے دوران بزنس کمیونٹی، سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ حکام اور صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے۔ وہ زراعت، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے بھی چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، سید اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکریٹری اور سیکریٹری خزانہ بھی چین روانہ ہوئے ہیں۔
دورہ چین کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دورۂ چین سے پنجاب کے عوام کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔ چین نے ہمیشہ مخلص دوست کی طرح ساتھ نبھایا ہے۔ پوری کوشش ہے کہ اس دورے کے فوری نتیجہ خیز اور پائیدار نتائج سامنے آئیں۔