خواتین کو کوڑے مارنے والا سابقہ تحریک طالبان سوات گروپ کا دہشتگرد کمانڈر ہلاک


اسلام آباد / پشاور(قدرت روزنامہ) سوات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خواتین کو کوڑے مارنے والا سابقہ تحریک طالبان سوات گروپ کا دہشتگرد کمانڈر ہلاک ہوگیا . تفصیلات ک مطابق 7 ستمبر 2023 کو خفیہ اطلاعات پر پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے سواتے کے علاقے فضاگٹ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا .

آپریشن کے دوران سابقہ تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہوگیا .
ہلاک دہشتگرد کمانڈر سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا جبکہ ہلاک دہشتگرد سوات میں عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا رہنما تھا .
دہشتگرد کمانڈر عسکریت پسندی کے عروج کے دور میں سوات میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا . سوات میں ’’آپریشن راہ راست‘‘ کے بعد دہشتگرد کمانڈر نیک محمد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہوگیا .
موجودہ سال کے اوائل میں دہشتگرد کمانڈر ٹی ٹی پی تشکیل کے ساتھ چھپ کر واپس سوات پہنچا اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ شروع کر دی . اسکے ساتھ ساتھ دہشتگرد کمانڈر نیک محمد نے ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ بھی وصول کرنا شروع کر دیا .
جون 2023 میں دہشتگرد کمانڈر نے اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مینگورہ سبزی منڈی کے قریب دو پولیس کانسٹیبلز کو بے دردی سے نشانہ بنایا جبکہ سوات میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے دہشت گرد کمانڈر نے خودکش حملہ اور آئی ای ڈی کے ذریعے ڈی پی او سوات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا .
پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے وادی سوات میں دہشتگردی میں ملوث کسی بھی فرد یا تنظیم کا قلع قمع کرنے کے لیے متحرک ہیں .

. .

متعلقہ خبریں