حوالہ ہنڈی میں ملوث 416 ملزمان گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا غیرقانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے . ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ رواں سال کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 303 چھاپے مارے گئے، جن کے دوران غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 416 ملزمان کو گرفتار کیا گیا .


ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف 289 مقدمات اور 49 انکوائریاں درج کی گئیں، چھاپوں کے دوران ملزمان کے زیرِ استعمال متعدد دکانوں اور دفاتر کو سیل کیا گیا .
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر 3 ارب 54 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے، برآمد ہونے والی کرنسی میں 3 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے شامل ہیں .
ایف آئی اے کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ برآمد کرنسی میں 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز اور 23 کروڑ 71 لاکھ روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے . ترجمان ایف آئی اے نے یہ بھی بتایا ہے کہ گرفتار متعدد ملزمان مختلف کاروبار کی آڑ میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے .

. .

متعلقہ خبریں