وفاقی کابینہ؛ سرمایہ کاری پر 24 گھنٹے میں 6 ماہ کا ویزا، 103 ممالک کیلیے پالیسی تبدیل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سرمایہ کاری کرنے والوں کو 6 ماہ کا بزنس ویزا 24گھنٹے میں جاری ہو گا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ نے بزنس، سرمایہ کاری اور ورک ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق ویزاپالیسی میں ترمیم کی منظوری
غیرملکی سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کیلیے دی گئی۔ وفاقی کابینہ سے 103 ممالک کے لیے ویزا پالیسی میں ترمیم کی منظوری بذریعہ سرکولیشن لی گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سفارش پر ویزا پالیسی میں ترامیم تیار کی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی سفارش پر 6ماہ کے لیے بزنس ویزا فوری طور پر جاری کیا جائے گا۔ پاکستانی مشن پانچ سال کے لیے بزنس ویزا 24 گھنٹوں میں جاری کرنے کے پابند ہوں گے۔
ایک سال کے لیے شارٹ ٹرم انویسٹر ویزا بھی24گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا۔ اسی طرح ایس آئی ایف سی کی سفارش پر تین سال کا انویسٹر ویزا 24گھنٹوں میں جاری ہوگا۔ ذرائع نے بتایاکہ 5سال کے لیے انویسٹر ویزہ وزارت داخلہ 10دن میں جاری کرنے کی پابند ہوگی۔ دوسال کے لیے ورک ویزا وزارت داخلہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ایک ماہ میں جاری کرے گی۔