وارنٹ گرفتاری پر زرین خان کے وکیل کا ردِعمل


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زرین خان کے خلاف مبینہ طور پر دھوکا دہی کے کیس میں کلکتہ کی عدالت نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اب اس حوالے سے اداکارہ کے وکیل کا بیان سامنے آگیا ہے۔
زرین خان کے وکیل کے بیان کے مطابق اداکارہ ایک فراڈ اسکیم کا شکار ہوئیں، کالی پوجا تقریب کے منتظمین نے مبینہ طور پر اُنہیں گمراہ کیا اور بتایا کہ یہ تقریب سرکاری طور پر وزیر اعلیٰ، وزیر کھیل، اور سابق وزیر کھیل کی جانب سے مغربی بنگال کی حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ زرین خان کولکتہ جانے کے لیے ایئر پورٹ پر پہنچ گئیں تو اُنہیں اس دھوکے کے بارے میں اس وقت پتا چلا جب ان پر اکیلے سفر کرنے کا دباؤ ڈالا گیا۔رزین خان کے وکیل نے یہ الزام بھی لگایا کہ منتظمین اداکارہ کو دھوکہ دینے کے لیے اپنی جھوٹی شناخت کا استعمال کیا۔
واضح رہے کہ زرین خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018 میں ایک شو میں پرفارمنس کے پیسے لیے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے پرفارم نہیں کیا اور نہ ہی اپنی غیر حاضری سے متعلق شو کے منتظمین کو آگاہ کیا۔