پہلے آڈیشن میں مجھے ریجیکٹ کرکے حنا الطاف کو کاسٹ کر لیا گیا تھا، اقراء عزیز
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ و ماڈل اقراء عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے پہلا آڈیشن دیا تھا تو اُنہیں مسترد کر کے اداکارہ حنا الطاف کو کاسٹ کر لیا تھا۔پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنے نام کا لوہا منوانے والی 25 سالہ اداکارہ اقراء عزیز نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیا ہے۔
اداکارہ نے اس انٹرویو کے دوران ناصرف سوالوں کے جواب دیئے بلکہ اپنی باتونی فطرت کے سبب خود سے متعلق بہت سے رازوں سے بھی پردہ اٹھایا۔
اداکارہ کا شو کے دوران شادی سے قبل نجی زندگی سے متعلق بتانا تھا کہ انہوں نے 14 سال کی عمر میں پہلا ٹی وی کمرشل کیا تھا، کمرشل کے چند سال گزرنے کے بعد جب اُنہوں نے ایک ڈرامے کے لیے پہلا آڈیشن دیا تو اُنہیں مسترد کرتے ہوئے اُن کے ساتھ آڈیشن دینے والی اداکارہ حنا الطاف کو کاسٹ کر لیا گیا تھا۔
اداکارہ کا پیشہ ورانہ زندگی پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں اداکاری شروع کر دی تھی اور پہلے دن سے ہی اسکرپٹ پڑھ کر کرداروں کی پیشکش قبول کرتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ اُن کے تقریباً سب ہی کرداروں کو پسند کیا جاتا ہے۔شو کے دوران اداکارہ کا والدہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اُن کی بہترین پرورش کے لیے اُن کی والدہ نے ٹیکسی تک چلائی ہے، جب اِن کی والدہ ٹیکسی چلایا کرتی تھیں، اگر کوئی اِن کی والدہ کی جانب دیکھتا بھی تھا تو وہ اُن لوگوں سے جھگڑنا شروع کر دیتی تھیں۔
اقراء عزیز نے شو کے دوران شوہر، معروف اداکار، پروڈیوسر و ہدایتکار یاسر حسین سے شادی سے متعلق بھی بات کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے سے ہی طے کر رکھا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں شادی نہیں کریں گی مگر جب وہ یاسر سے ملیں تو انہیں اپنا فیصلہ بدلنا پڑا، یاسر حسین شادی سے قبل ہی اُن کی بہت مدد کیا کرتے تھے، اُنہیں ہر وقت آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے تھے جس کی وجہ سے وہ اُنہیں اچھے لگنے لگے اور پھر اُنہوں نے اداکار سے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ اقرا عزیز نے دسمبر 2019ء میں خود سے 11 سال بڑے اداکار یاسر حسین سے شادی کی تھی، اس جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔