تھری ایڈیٹ فلم کے معروف اداکار انتقال کرگئے


ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے معروف اداکار اکھیل مشرا اپنے گھر کے کچن میں گِر کر دنیا سے رخصت ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ‘تھری ایڈیٹس’ میں لائیریرین کا کردار ادا کرنے والے اداکار اکھیل شرما اپنے گھر کے کچن میں کام کررہے تھے کہ اچانک وہ پھسل کر زمین پر گِرگئے جس کے نتیجے میں اُن کی موت واقع ہوگئی۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ اکھیل شرما بلڈ پریشر کے مسائل کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔اداکار کے دوست نے بتایا کہ وہ کچن میں اسٹول پر کچھ کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ جب مبینہ طور پر وہ نیچے گِرے اور ان کے سر میں چوٹ لگی۔
اکھیل شرما کو خون میں لت پت حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوششوں کے بعد بھی وہ زندہ نہیں بچ سکے اور چند گھنٹوں بعد ہی دم توڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق اداکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔
دوسری جانب جس وقت اداکار کو حادثہ پیش آیا تو اُن کی اہلیہ و اداکارہ سوزین اپنے شوٹ کے سلسلے میں حیدرآباد میں موجود تھیں، شوہر کی موت کی خبر سُن کر سوزین اپنے گھر واپس آگئیں جبکہ وہ اس وقت شدید صدمے میں ہیں۔
اکھیل مشرا نے ‘تھری ایڈیٹس’ اور ‘ڈان’ جیسی کئی نامور بالی ووڈ فلموں سمیت انڈین ڈراموں میں بھی کام کیا ہے۔واضح رہے کہ اداکار اکھیل مشرا نے سال 1983 میں اپنی ساتھی اداکارہ منجو مشرا کے ساتھ شادی کی تھی جوکہ سال 1996 میں اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔ بعدازاں اکھیل مشرا نے فروری سال 2009 میں جرمن اداکارہ سوزین کے ساتھ دوسری شادی کی۔