اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹاپ ٹین منافع بخش اور خسارے کا شکار اداروں کی فہرست سامنے آگئی . دستاویز کے مطابق خسارے کا شکار ٹاپ ٹین اداروں میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو نمبر ون قرار دیا گیا ہے جس کے سال 2020 میں نقصانات 108 ارب 50 کروڑ روپے تک پہنچ گئے .
دستاویز سے پتا چلتا ہے کہ این ایچ اے 94 ارب 30 کروڑ روپے نقصانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ریلویز کے نقصانات 50 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں . سکھر الیکٹرک کے نقصانات 40 ارب 80 کروڑ روپے ہیں جبکہ پی آئی اے کے سال 2020 میں نقصانات 36 ارب روپے سے زیادہ ریکارڈ ہوئے ہیں .
دستاویز کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی 21.4 ارب اور اسٹیل ملز کے نقصانات 20.6 ارب روپے ہیں جبکہ حیسکو کے نقصانات سال 2020 تک 17.7 ارب روپے رہے . پی ایس او 14.8 ارب، پشاور الیکٹرک کے نقصانات کا تخمینہ 14.6 ارب روپے ہے .
دوسری جانب ٹاپ ٹین منافع بخش اداروں میں او جی ڈی سی ایل سرفہرست ہے . دستاویز کے مطابق سال 2020 میں او جی ڈی سی ایل کا منافع 100 ارب روپے سے زیادہ رہا جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کا منافع 49.4 ارب روپے رہا .
دستاویز کے مطابق نیشنل بینک 30.6 ارب اور گورنمنٹ ہولڈنگز کمپنی کا منافع 29.8 ارب رہا جبکہ نیشنل پاور پارکس کمپنی کا منافع 28 ارب اور پورٹ قاسم اتھارٹی کا منافع 15.4 ارب رکارڈ کیا گیا .
این ٹی ڈی سی 9.3 ارب اور پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی میں 6.3 ارب منافع ہوا . دستاویز کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک کمپنی کا منافع 6 ارب سے زیادہ رہا جبکہ پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج سروس کا منافع بھی 6 ارب سے زیادہ رہا .