حکومت 5 ہزار مشترکہ ای ورکنگ مراکز قائم کرنے جارہی ہے، ڈاکٹر عمر سیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر حکومت 5 ہزار مشترکہ ای ورکنگ مراکز قائم کرنے جارہی ہے۔ڈاکٹر عمر سیف نے نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر عمرسیف نے بتایا کہ وزیر خزانہ سے حکومتی معاونت پر مشترکہ فنڈ کے قیام پر مثبت گفتگو ہوئی۔اُنہوں نے بتایا کہ اسٹارٹ اپس کے لیے مجوزہ فنڈ میں عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ حکومت 5 ہزار مشترکہ ای ورکنگ مراکز قائم کرنے جارہی ہے اور ان مراکز کے قیام کے لیے بلا سود قرضے اور فری لانسرز کو سہولیات ملیں گی۔اُنہوں نے کہا کہ فری لانسرز کو سہولیات سے آراستہ جگہ ملے گی اور روزگار کے لاکھوں موقع پیدا ہوں گے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو ڈالرز کے آزادانہ استعمال کی اجازت کے معاملے پر پیش رفت ہوئی ہےجس کے بیرون ممالک میں قائم اکاؤنٹس پاکستان منتقل اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، اس اقدام سے ملک میں ڈالرز کا بہاؤ تیز اور آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم فوری بڑھے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پہلی کوشش ہے کہ ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔ نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔