لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو اب الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے . الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا اعلان کرنے کے بعد احسن اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حلقہ بندی کے دورانیے کو کم کرنے کی تجاویز پیش کی گئی تھیں، میرے خیال میں اب بے یقینی کا خاتمہ ہونا چاہیے .
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کو مکمل کرنے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کرتا ہے . احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ حلقہ بندی آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق الیکشن کمیشن کر رہا ہے، حلقہ بندی کے بغیر ون مین ون ووٹ کا تصور ختم ہو جائے گا . سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی آمد سے متعلق پارٹی میں جوش و خروش ہے، کارکن اپنے قائد کے آنے کا انتظار کر رہے ہیں .
ان کا کہنا ہے کہ جو بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ ہو گا سب کے لیے قابل عمل ہو گا، سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی . واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا ہے .
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے . الیکشن کمیشن نے آج حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی . اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست دی جائے گی .