ایلون مسک اور ایمبر ہرڈ کے درمیان رات بھر لڑائی ہوتی تھی، امریکی مصنف کا انکشاف


امریکا (قدرت روزنامہ)معروف امریکی مصنف والٹر آئزکسن نے انکشاف کیا ہے کہ ایلون مسک اور اداکارہ ایمبر ہرڈ کے درمیان رات بھر لڑائی ہوتی تھی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق والٹر آئزکسن نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ایلون مسک کے ایمبر ہرڈ کے ناکام رومانوی تعلق کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایلون مسک جب بھی اپنی زندگی میں پر سکون ہوتے ہیں تو فوراََ ہی اُنہیں کچھ چیلنجنگ کرنے کا خیال آجاتا ہے جیسے کہ اُنہوں نے حال ہی میں ٹوئٹر کو خرید لیا تو یہی کام اُنہوں نے ایمبر ہرڈ کے ساتھ رومانوی تعلق قائم کرتے ہوئے کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایلون مسک کو ایمبر ہرڈ سے قریبی تعلقات قائم کرنے سے زیادہ زندگی میں کسی اور چیز نے تکلیف نہیں دی۔والٹر آئزکسن نے بتایا کہ ایلون مسک اور ایمبر ہرڈ ساری رات لڑتے رہتے تھے اور پھر اس کے بعد وہ اگلے روز دوپہر تک اٹھ نہیں پاتے تھے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک اور ایمبر ہرڈ کے درمیان 2016ء میں میٹ گالا میں ہونے والی ملاقات کے بعد قریبی تعلقات قائم ہوئے۔دونوں 2017ء میں اپنے تعلقات کو منظر عام پر لائے لیکن چند ماہ بعد الگ ہوگئے پھر دوبارہ 2018ء میں دونوں کے درمیان تھوڑے عرصے کے لیے دوبارہ مفاہمت ہوئی مگر کچھ ہی عرصے میں دونوں نے دوبارہ اپنی راہیں جدا کرلیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ والٹر آئزاکسن نے ایلون مسک کے بارے میں ایک کتاب لکھی ہے اور اسی لیے اُنہوں نے ایلون مسک کو قریب سے جاننے کے لیے ان کے ساتھ 2 سال گزارے۔