کوئٹہ میں مضر صحت مشروبات بنانے والی فیکٹری سیل، اشیا ضبط کرلی گئیں


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پرجعل ساز مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف مشروبات و بوتل بند پانی بنانے والی غیر قانونی فیکٹری سربمہر کردی ۔ مشرقی بائی پاس میں واقع فیکٹری سے غیر معیاری جوسز ، کولڈرنکس اور بوٹلڈ واٹر کی بڑی تعداد برآمد کرلی گئی جبکہ فیکٹری سے مختلف کمپنیوں کی جعلی لیبلنگ و برانڈنگ کا سامان ، گیس سلینڈر اور فلنگ مشین بھی پکڑی گئی ۔معلوم کرنے پر فیکٹری مالک کے پاس نہ تو کوئی قانونی رجسٹریشن تھی اور نا ہی فوڈ بزنس لائسنس جس پر غیر قانونی فیکٹری کو سربمہر کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کے مطابق صارفین کیلئے جعلی بوتلوں پرلگی اصل جیسی نقل پیکنگ کی پہچان کرنا مشکل ہوتاہے ،فیکٹری میں تیار کی جانے والی ناقص و نقلی مشروبات کو صوبہ کی مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی بلوچستان فوڈاتھارٹی کا کہناہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر بی ایف اے کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ، جعلی مشروبات سمیت غیر معیاری اشیا خوردونوش کا گھنانا دھندہ کرنے والوں کا غیر قانونی کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔