ڈی ایچ اے کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر کا ایوان صنعت و تجارت کا دورہ، 57 ہزار گھر تعمیر کرنیکا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ڈیفنس ہاسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر چوہدری اظہر منیر نے کہا ہے کہ منصوبہ کی ساکھ اور ساخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گامنصو بے کے تحت 56 سے 57 ہزار گھر بنائے جائیں گے کمرشل بلڈنگز اور منصوبے اس کے علاوہ ہوں گے،ڈی ایچ اے کوئٹہ کی بجا ئے ڈی ایچ اے بلوچستان سے منسوب کر نا چا ہئے صنعت وتجارت سے وابستہ افراد منصوبے سے مستفید ہونے کیلئے آگے آئیں،پبلک بیلٹ کا نقشہ نومبر اور ارلی برڈ کمرشل کا نقشہ جنوری تک مارکیٹ میں آجائے گا، بجلی،پانی اور گیس کی فراہمی کے منصوبے جلد مکمل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی، صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،نائب صدر سید عبدالاحد آغا ودیگر نے ڈی ایچ اے کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر اور ان کی ٹیم کا چیمبر آنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کوئٹہ شہر میں دور جدید کی سہولیات سے ہم آہنگ رہائشی منصوبے کی روز اول سے ہی کمی محسوس کی جا رہی تھی ڈی ایچ اے جیسے منصوبے سے ہمیں امیدیں وابستہ ہیں البتہ بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد ودیگر کو اعتماد دینا ہوگا۔انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ بلوچستان کی عوام کو رہائش،صحت،تعلیم اور دیگر سہولیات دینے کیلئے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈی ایچ اے کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر چوہدری اظہر منیر کا کہنا تھا کہ پچھلے سال سیلاب نے بلو چستان کے مختلف اضلا ع اورکوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کی طرح ڈی ایچ اے کو بھی متاثر کیا البتہ اب 10اگست سے ڈی ایچ اے کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے 31دسمبر تک ارلی برڈ کا پوزیشن دیں گے ہماری پوری توجہ ڈی ایچ اے کے زون اے پر ہے اس کے بعد زون سی یعنی ہنہ جھیل والے زون میں اراضی لینے و دیگر پر کام شروع کریں گے ان کا کہنا تھا کہ 11کے وی کا گریڈ اسٹیشن بنایا جا چکا جس سے 5 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے بلکہ 4سے 5میگا واٹ مزید بجلی کی سہولت بھی جلد ہمیں میسر آئے گی جو ہماری چار پانچ سال کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کافی ہے ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے ایکسپریس وے پر کام پایہ تکمیل تک پہنچ چکا سیکٹر ون ٹو اور تھری میں ماڈل ہاسز پر کام جاری ہے
کرکٹ گرانڈ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع بھی میسر ہے ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے میں 56سے 57ہزار گھر بنائیں جائیں گے جبکہ کمرشل پلاٹس و دیگر اس کے علاوہ ہوں گے ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے میں 132کے وی کے گریڈ اسٹیشن کی ڈیزائننگ پر کام جاری ہے ایس این جی پلانٹ کی ڈیزائننگ دسمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے بلکہ اس پلانٹ سے 2024 تک ڈی ایچ اے میں گیس سپلائی بھی بحال ہوگی ان کا کہنا تھا کہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے محکمہ واسا کے جیالوجیکل انجینئر ز کے ساتھ19ٹیوب ویلز لگانے کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے بلکہ ہمیں مانگی ڈیم سے پائپ لائن دینے کی بھی یقین دہانی کرائی جا چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس جدید اور سہولیات سے آراستہ رہائشی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے انہیں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے تعاون اور مدد کی ضرورت ہے
ان کا کہنا تھا کہ نادرا کے ریجنل آفس کیلئے ڈی ایچ اے سے اراضی لینے کیلئے رابطہ کیاگیا ہے بلکہ مختلف بنکس بھی اپنے برانچز کھولنے کیلئے ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں ہمارا اپنا سائٹ آفس بھی جلد مکمل ہوگا ان کا کہنا تھا کہ منصوبے پر کام میں تاخیر کی اصل وجہ ٹان پلان کو روائز کرنے کی وجہ سے ہوا ہم دبئی کی طرز پر منصوبہ بندی کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے میں اسپیشل اکنامک زون کیلئے ڈیڑھ سو ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہیں ایکسپو سنٹر کیلئے اراضی بارے بھی غور کریں گے اس وقت ہماری تمام تر توجہ تعمیراتی زون اے میں منصوبوں پر ہیں ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے آخر تک ٹان پلان مل جائے گا جس کے بعد گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر کام کا آغاز کریں گے۔نومبر تک پبلک بیلٹ کا نقشہ، جنوری 2024 تک ارلی برڈ کمرشل منصوبے کا نقشہ مارکیٹ میں آ جائے گا
انہوں نے کہا کہ نومبر میں سیکٹر کی بڑی مسجد پر بھی تعمیراتی کام کا آغاز ہوگاہم منصوبے کے ساکھ اور ساخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں صحت،تعلیم،کھیلوں اور معیاری اشیائے خورد و نوش کی سہولیات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے صوبے میں قانونی تجارت کے لئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ اس طرح کے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔