فضا علی نے کیریئر سبوتاژ کرنے والوں کے نام بتا دیئے
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی ماڈل، اداکارہ، میزبان و گلوکارہ فضا علی نے حالیہ پروگرام میں ان نامور گلوکاروں کے نام بتا دیئے جنہوں نے ان کے کیرئیر کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔حال ہی میں فضا علی نے نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ کئی گلوکاروں نے ان سے گانے گوائے لیکن انہیں معاوضہ ادا نہیں کیا۔
دوران پروگرام حاضرین میں موجود ایک لڑکی نے سوال کیا کہ جب اتنے گلوکاروں نے آپ کو معاوضہ نہیں دیا، تو آپ نے ان کی رپورٹ کیوں نہیں کی؟پروگرام کے شرکاء کا جواب دیتے ہوئے فضا علی نے غصے سے آگ بگولہ ہو کر کہا کہ ’میں انہیں دل سے رپورٹ کرنا چاہتی ہوں، کیونکہ کسی نے میرا خیال نہیں کیا، نہ کسی نے میرے بارے میں سوچا‘۔
انہوں نے ان تمام گلوکاروں کے نام لیتے ہوئے بتایا کہ میں شو کی میزبانی کرتی تھی جہاں گلوکار مہمان بن کر آتے تھے، وہ مجھ سے اپنے ساتھ گانے کی درخواست کرتے تھے، مجھے گانے گانے کا شوق ہے لیکن گانے کے حوالے سے کبھی کسی سے احسان نہیں مانگا، انہوں نےخود درخواست کی تو میں نے ان کے لیے گانا گایا۔
فضا علی نے مزید کہا کہ میں نے راحت فتح علی خان اور شیراز اپل کے ساتھ گانا گایا ہے، مجھے کبھی نہیں معلوم تھا کہ میرا گراف اس طرح نیچے جائے گا کہ میں ذیشان روکھڑی کے ساتھ گانے گاؤں گی، میں نے ان کے ساتھ بہت گانے گائے، میں انہیں بھائی سمجھتی ہوں لیکن اس نے مجھے کبھی اسکرین پر سب کے سامنے بہن تسلیم نہیں کیا اور نہ واضح کیا کہ میں ان کی بہن جیسی ہوں حالانکہ میں ایک بیٹی کی ماں ہوں۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ دوسری بات، اس نے مجھ سے بہت گانے گوائے لیکن کبھی میرے پیسے نہیں دیئے۔ اس کے علاوہ ملکو نے بھی مجھے وعدے کے باوجود معاوضہ ادا نہیں کیا میں نے ملکو کے ساتھ بھی بہت سے گانے گائے ہیں، جس کے بعد میں نے مایوس ہوکر ایک سال تک گانا گانا چھوڑ دیا۔
انہوں نے سجاد علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سجاد علی میرے لیے بھائی کی طرح ہیں، وہ میرے ساتھ بہنوں جیسا سلوک کرتے تھے۔فضا علی نے سوشل میڈیا صارفین سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سجاد علی نے مجھے عزت دی، میں ان کے گھر گئی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی لیکن سوشل میڈیا صارفین نے میرے بارے میں جھوٹی خبریں اور سرخیاں بنانا شروع کردیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں صرف اپنی محنت کی کمائی کی ضرورت ہے، وہ کبھی سستے ہتھکنڈوں سے وائرل نہیں ہونا چاہتیں۔