ملک بھر سے 63 کرنسی اسمگلرز گرفتار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کرنسی اسمگلرز اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ملک بھر میں غیرقانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف 38 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، جن میں 63 ملزمان کو گرفتار کر کے 39 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزمان کے خلاف 8 انکوائریوں کی تفتیش مکمل کی گئی، ملزمان سے 18 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ برآمد کرنسی میں21831 ڈالرز، 5 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے، برآمد کرنسی میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی پاکستانی کرنسی بھی شامل ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف کاروبار کی آڑ میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔