جامعہ کراچی: اساتذہ کا احتجاج، تدریسی عمل کا بائیکاٹ آج بھی جاری


کراچی (قدرت روزنامہ)جامعہ کراچی میں اساتذہ کا احتجاج اور تدریسی عمل کا بائیکاٹ آج بھی جاری ہے۔انجمنِ اساتذہ کے مطابق جامعہ کراچی میں صبح اور شام دونوں پروگرام میں تعلیمی سرگرمیاں جمعے سے معطل ہیں، اساتذہ کی جانب سے ایوننگ کلاسز کا بائیکاٹ 10 روز سے جاری ہے۔
اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ معاوضے کی ادائیگی کی جائے، ایم فل اور پی ایچ ڈی فیس معاف کی جائے۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی کے مطابق اساتذہ کو مذاکرات کی دعوت دی تھی مگر وہ ملاقات کے لیے نہیں آئے، آج پھر اساتذہ کو ملاقات کی دعوت دی جائے گی۔
وائس چانسلر جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے براہِ راست اساتذہ کو مذاکرات کے لیے نہیں بلایا، جامعہ کراچی کے تمام اساتذہ کی ایم فل پی ایچ ڈی فیس ختم کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ جامعہ کراچی کے مطابق فیس انجمن اساتذہ کے مطالبے اور احتجاج کی وجہ سے ختم کی گئی ہے، فیس ختم کرنے سے جامعہ کراچی کے مالی خسارے میں مزید اضافہ ہو گا۔