پاکستان سنی تحریک کے نئے سربراہ کا اعلان


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان سنی تحریک کے نئے سربراہ کا اعلان کر دیا گیا، مرکزی رہنما شاہد غوری کہتے ہیں کہ شاداب رضا نقشبندی بطور سربراہ پارٹی میں خدمات انجام دیں گے، انٹرا پارٹی انتخابات کے ذریعے ہم نے نئے سربراہ کا انتخاب کیا ہے، سربراہ کی تبدیلی سے متعلق سفارشات الیکشن کمیشن میں بھی جمع کرواچکے ہیں۔
پاکستان سنی تحریک نے اپنے نئے سربراہ کا انتخاب کرلیا، مرکز اہلسنت انٹرنیشنل پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رہنما شاہد غوری نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ شاداب رضا نقشبندی بطور سربراہ اور بلال عباس قادری بطور نائب سربراہ پارٹی کی کمان سنبھالیں گے۔
اس موقع پر نو منتخب سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پارٹی کے جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا مشکور ہوں جب تک اس منصب پر موجود رہوں گا، قائد سنی تحریک سلیم قادری کے مشن پر عمل پیرا رہوں گا۔
سابق سربراہ کی تبدیلی کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروانے کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ثروت اعجاز قادری کیوں اپنے خلاف دیا گیا فیصلہ ماننے سے قاصر ہیں، ہمیں اب بھی الیکشن کمیشن کے جواب کا انتظار ہے۔