چھ ماہ میں پی آئی اے کے نقصانات 60 ارب 71 کروڑ سے متجاوز، رپورٹ آگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی سال 2023 کے پہلے چھ ماہ کی رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق پہلی ششماہی میں قومی ایئرلائنز کے نقصانات 60 ارب 71 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئے۔رپورٹ کے مطابق سال 2022 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کے نقصانات 41.31 ارب روپے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ سال 2023 کے پہلے 6 ماہ میں روپے کی قدر میں کمی سے 27.45 ارب روپے کے نقصانات ہوئے ہیں۔ 2022 کے پہلے 6 ماہ میں ایکسچینج کے نقصانات 13.85 ارب روپے تھے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں ماہ میں فیول اور آئل کی مد میں 48.34 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ سال 2022 کے پہلے 6 ماہ میں فیول اور آئل کی مد میں 30.78 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔
اسی طرح رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں فنانس کی لاگت 36.82 ارب روپے رہی جبکہ سال 22 کے پہلے 6 ماہ میں فنانس کی لاگت 21.11 ارب روپے تھی۔
سال 2023 کے پہلے 6 ماہ میں مجموعی ریونیو 120 ارب 27 کروڑ روپے جمع ہوا، گزشتہ سال کے 6 ماہ کے مقابلے سال 2023 کے پہلے 6 ماہ میں 11.25 ارب روپے کے اضافی ریونیو حاصل ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق آپریشنل کاسٹ میں فیول اور آئل کی قیمت بڑھنے سے 41 فیصد اخراجات میں اضافہ ہوا جبکہ شرح سود بڑھنے کی وجہ سے 20 فیصد اضافی ادائیگی کرنا پڑی۔