تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹس یونین بحالی کے معاملے پر اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزارت تعلیم نےجامعات اور دیگر تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی۔سینئر جوائنٹ سیکرٹری کی سربراہی میں بنائی گئی 14 رکنی کمیٹی اسٹوڈنٹس یونین سے متعلق معاملات کا جائزہ لے کر 10 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔
اعلیٰ سطح کی تشکیل دی گئی کمیٹی میں محقیقین،ماہرین تعلیم اور جامعات کے وائس چانسلرز شامل ہیں۔ وزارت تعلیم کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جب کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بھی کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔
وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی ، وائس چانسلر نمل یونیورسٹی ، ریکٹر بین الاقوامی یونیورسٹی اسلام آباد،وائس چانسلر فاطمہ جناح ڈگری کالج راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت کے 2 بڑے کالجز ایف ایٹ فور اور ایچ ایٹ فور کے پرنسپلز کو بھی کمیٹی میں رکن رکھا گیا ہے۔
علاوہ ازیں کمیٹی میں ماہرین تعلیم علی معین نوازش، عائشہ رزاق کو بھی رکن بنایا گیا ہے۔ ریسرچ کے 3 اسٹوڈنٹس بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی 10 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی اور سینٹ میں اس حوالے سے بل کا جائزہ بھی لے گی۔