’ٹائیگر3‘ کا ٹیزر جاری، سلمان خان نے بھارت سے ‘کریکٹر سرٹیفکیٹ’ مانگ لیا


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کے مداحوں کا انتظار ختم ہوگیا ہے کیونکہ یش راج فلمز نے اپنی بلاک بسٹر اسپائے یونیورس کی نئی فلم ’ٹائیگر3‘ کا ٹیزر جاری کردیا ہے۔
جاسوس ایجنٹ سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’ٹائیگر3‘ کا نیا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے، یہ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں میں سے اب تک کی بہترین فلم ہوگی اور سب کی نظریں اس فلم کی ریلیز پر ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ٹیزر کا آغاز سلمان خان کی جھلک سے ہوتا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ 20 سال بھارت کی خدمت کرنے کے بعد کیا ٹائیگر کو کریکٹر سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے؟ کیا ٹائیگر غدار ہے؟ یا ٹائیگر ایک محب وطن ہے؟

View this post on Instagram

A post shared by Salman Khan (@beingsalmankhan)


ٹیزر کے پسِ منظر میں گولیوں کی آوازیں سُنائی دیتی ہیں، اس کے بعد سلمان خان کو کئی فوجیوں کے ساتھ لڑتے ہوئے دکھایا گیا اور لڑائی کے کافی مناظر بھی دکھائے گئے۔سلمان خان کو ٹیزر میں یہ ڈائیلاگ بولتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ ‘جب تک ٹائیگر ہمارا نہیں، تب تک ٹائیگر ہارا نہیں’.
ٹیزر دیکھ کر مداحوں کو اب فلم کی ریلیز کا بےصبری سے انتظار ہے۔واضح رہے کہ میگا ایکشن اور تھرلر فلم میں سپر اسٹار سلمان خان، کترینہ کیف اور عمران ہاشمی نظر آئیں گے اور اسے دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔
ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔یش راج فلم کی اسپائے یونیورس بالی وڈ کی بلاک بسٹر سیریز بن چکی ہے جس میں ہریتھک روشن کی ’وار‘ اور شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ ہندی سینما میں دھوم مچا چکی ہے۔