اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی؛ عمران خان کیخلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں عمران خان کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔درخواست گزار عبدالخلیل کاکڑ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اداروں کے خلاف توہین آمیز اور نفرت انگیز تقاریر کے معاملے پر بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم میں چیلنج کردیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے حقائق اور قانون کے بر خلاف فیصلہ دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی تحقیقات میں شامل ہی نہیں ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو تحقیقات میں شامل کیے بغیر ہی پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کروا دیا۔ عمران خان نے مقدمہ اور وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دینے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں اداروں اور ملک کے خلاف تقریر کی۔ ہائی کورٹ نے 28 اگست کو ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، عدالت عظمیٰ بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جسے بلوچستان ہائی کورٹ نے خارج کردیا تھا۔