کراچی میں شدید گرمی، پارہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان


کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں کچھ دن ہوائیں چلنے کے بعد ایک بار پھر شدید گرمی اور حبس کا راج ہے جب کہ پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں گرم و خشک موسم کے سبب گرمی کی شدید لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران پارہ 40 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔
پیش گوئی کے مطابق ہفتے کے روز پارہ مزید ایک ڈگری اضافے سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ گرمی کی لہر کے دوران دوپہر کے وقت میں سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے معطل رہ سکتی ہیں ۔ اس دوران کراچی میں گرم ریگستانی بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چلنے کی توقع ہے ۔
شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے ۔ جنوبی سندھ میں موسم گرم، انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ حیدر آباد، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، عمرکوٹ اور تھرپارکرمیں بھی پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔