کراچی میں خالو کی فائرنگ سے 3 سالہ بھانجی جاں بحق، سالی زخمی


کراچی(قدرت روزنامہ) سرجانی ٹاؤن گلشن نور میں فائرنگ سے 3 سالہ بچی جاں بحق اس کی ماں زخمی ہوگئی ، زخمی خاتون کا کہنا ہے کہ مجھے اور میری بچی کو میرے بہنوئی اور بھائی نے دشمنی کی بنیاد پر گولیاں ماری ہیں ۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے گلشن نور خدا کی بستی میں فائرنگ سے تین سالہ بچی جاں بحق اور اس کی ماں زخمی ہوگئی ، بچی کی لاش اور زخمی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 3 سالہ جنت دختر عامر کے نام سے جبکہ مقتولہ کی ماں نے اپنا نام 22 سالہ میرب بتایا ہے ، واقعہ زاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سرجانی ٹٓاؤن انسپکٹر امجد کیانی پولیس کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے 4 خول ملے ہیں ،فائرنگ کا واقعہ خاندانی جھگڑے کا شاخسانہ ہے ، فائرنگ کرنے والا ملزم زخمی خاتون کا بہنوئی ہے ، ملزم مسعود شیخ واقعہ کے بعد موقعہ سے فرار ہوگیا ، عینی شاہدین کے بیانات اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔
زخمی خاتون نے عباسی شہید اسپتال میں ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اسے اس کے بھائی عادل اور بہنوئی شیخ مسعود نے گولیاں ماری ہیں ، مارنے کی وجہ خاتون نے زاتی دشمنی بتایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بہنوئی ان کے ساتھ زیادتی کرتا تھا جس کی انہوں نے تھانے میں شکایت بھی کی تھی تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
زخمی خاتون کے نانا ایرک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری نواسی میرب طلاق یافتہ ہے ، میرب کو اس کے شوہر نے ایک سال قبل طلاق دیدی تھی اور خود پنجاب چلا گیا تھا ، پہلے شوہر سے ایک بیٹی جنت تھی جسے آج قتل کر دیا گیا ، میرب کی عارف نامی لڑکے سے دوستی ہے۔
ایرک نے کہا کہ میرب گزشتہ 6 ماہ سے عارف نامی شخص کے ساتھ دن رات دن گھومتی پھرتی تھی ، میرب سے دوستی کی وجہ سے عارف کا ہمارے خاندان کے لوگوں سے کئی بار جھگڑا بھی ہوچکا ہے عارف کے خلاف سرجانی ٹاؤن تھانے میں متعدد درخواستیں بھی دی گئی تھیں تاہم پولیس نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ، آج رات میرب کے بہنوئی مسعود نے عارف اور میرب کو ایک ساتھ دیکھا تو مشتعل ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ عارف اور مسعود دونوں کے پاس اسلحہ تھا ، دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی ، مسعود کی فائرنگ سے میرب زخمی اور اس کی تین سالہ بیٹی جنت جاں بحق ہوگئی ، فائرنگ کے واقعہ کے بعد عارف اور مسعود موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔