سندھ

کراچی: چلڈرن اسپتال میں کوویڈ 19 ایریا ختم کر کے او پی ڈی بنانے کا حکم


کراچی (قدرت روزنامہ)نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے نیو کراچی چلڈرن اسپتال کے دورے کے دوران کوویڈ 19 ایریا ختم کر کے او پی ڈی بنانے کی ہدایت کر دی۔ترجمان کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے نیو کراچی چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا۔
اس دوران ایک خاتوں نے نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بتایا کی وہ اپنا بچہ یہاں لائی تھی لیکن اسے واپس بھیج دیا گیا، جس پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے خاتون کی شکایت پرانکوائری کا حکم دے دیا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر کو دورانِ بریفنگ بتایا گیا کہ اسپتال میں روزانہ 1200 مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔


اسپتال کے دورے کے دوران مقبول باقر نے اسپتال میں مریضوں سے خیریت دریافت کی۔نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے نیو کراچی چلڈرن اسپتال کی او پی ڈی کا معائنہ کرتے ہوئے نظر آنے والی گندگی پر ناراضی کا اظہار کیا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کوویڈ 19 ایریا ختم کر کے او پی ڈی بنانے کی ہدایت کی۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ اسپتال میں پودے لگا کر سرسبز اور اسپتال کی تزئین وآرائش کی جائے۔ بعد ازاں نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ریکارڈ روم کا بھی معائنہ کیا۔
ریکارڈ فرش پر پڑا دیکھ کر نگراں وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسرکو ریکارڈ روم ٹھیک کرنے کی ہدایت کی۔اس دوران اُن کا کہنا تھا کہ چلڈرن اسپتال سندھ حکومت کا ہے لیکن سماجی تنظیم چلا رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیوکراچی چلڈرن اسپتال میں این جی او بہترکام کر رہی ہے، سندھ حکومت این جی اوکی بھرپور مدد کرے گی۔

متعلقہ خبریں