ہنگو؛ مسجد میں خودکش دھماکے کا مقدمہ درج، حملہ آور کے جسم کے نمونے حاصل
پشاور(قدرت روزنامہ) ہنگو میں تھانہ دوآبہ کی مسجد میں خودکش دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن میں درج کرلیا گیا جب کہ حملہ آور کے جسم کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ہنگو میں خودکش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او دوآبہ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی، قتل ، اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پہنچتے ہی پولیس اہلکار اور تھانے کے گیٹ پر فائرنگ کی۔ ڈیوٹی پر مامور اہل کار نے جوابی فائرنگ کی۔ پولیس اہل کار سعید الرحمان نے فائرنگ کرنے والے دہشت گرد سے بندوق چھینی۔
مقدمے میں لکھا گیا ہےکہ ایک خودکش حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔دوسری جانب پولیس نے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آور کے جسم کے نمونے حاصل کرلیے ہیں۔