امراض قلب سے نوجوانوں کی بڑھتی اموات، وجوہات کیا ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران امراض قلب کی وجہ سے نوجوانوں کی اموات میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ نوجوانوں میں پائی جانے والی منفی روٹین اور عادات کو قرار دیا جا رہا ہے۔گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کی بیماریوں سے آگاہی کا دن منایا گیا، سال 2023 کے اس دن کا عنوان ’دل کا استعمال کریں اور دل کو جانیں‘ رکھا گیا تھا۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 30 سے 40 فیصد اموات کا سبب دل کے امراض ہیں جس کی وجہ طبی ماہرین کی جانب سے ورزش اور جسمانی محنت و مشقت نہ کرنے سمیت موٹاپے، ذیابطیس، ہائی کولیسٹرول لیول، ہائی بلڈ اور شوگر لیول، بیٹھنے کے گھنٹوں میں اضافہ، مضر صحت خوراک، غیر صحت مندانہ طرز زندگی اور بڑھتی ہوئی سگریٹ نوشی کو قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق امریکی ماہرینِ صحت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دل کے امراض کا یہ بڑھتا رجحان 20، 30 اور 40 برس کی عمر کے نوجوانوں میں زیادہ پایا جانے لگا ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے نوجوانوں کو اس بیماری سے بچانے کے لیے تجویز دی گئی ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں جسمانی سرگرمیوں کو بڑھانا ہوگا اور کھیلوں میں دلچسپی لینی ہوگی۔ماہرین کے مطابق نوجوانوں سمیت دیگر عمر کے افراد کو بھی چاہیے کہ روزانہ 30 سے 40 منٹ تک جسمانی ورزش کریں، روزانہ کسی ایک کھیل کی سرگرمی میں حصہ لیں، متوازن غذا کا استعمال اور سگریٹ نوشی سے اجتناب کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں آرام پسندانہ طرزِ زندگی کے رجحان کو کم کر کے اِنہیں سائیکل چلانے اور سائیکل کے ساتھ ساتھ پیدل سفر طے کرنے کے رجحان میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ جسمانی صحت میں بہتری لا کر امراض قلب سمیت دیگر کئی بیماریوں سے بچا جا سکے۔