سینیٹر افنان اللہ خان نے شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کرادیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹر افنان اللہ خان نے شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق ن لیگ کے سینیٹر افنان اللہ خان کی درخواست پر تھانہ آبپارہ میں دفعہ 506 ، 352 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سینیٹر افنان اللہ نے شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل شیر افضل مروت اور ن لیگ کے رہنما و سینیٹر افنان اللہ کے درمیان پروگرام میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے دوران دونوں نے لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’کل تک‘ میں سینیٹر افنان اللہ اور پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت شریک ہوئے، جس میں دونوں مہمانوں کے درمیان جھگڑے کا آغاز تلخ جملوں سے ہوا۔ سینیٹر افنان اور شیر افضل مروت نے ایک دوسرے کے قائدین سے متعلق جملے کسے جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کھڑے ہوئے اور انہوں نے لیگی رہنما کو پروگرام کے دوران تھپڑ مارا۔