ہالی ووڈ فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں: حمائمہ ملک
کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں کام کرنے والی معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ وہ بالی ووڈ کے بعد ہالی ووڈ میں بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔حال ہی میں حمائمہ ملک نے میزبان تابش کے پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت ڈپریشن پر بھی کُھل کر بات کی۔
میزبان تابش ہاشمی نے حمائمہ ملک سے پوچھا کہ ‘کیا آپ دن میں ایک بار ضرور روتی ہیں؟’ جس پر اداکارہ نے کہا کہ ‘جی ہاں! پہلے ایسا ہوتا تھا لیکن اب روزانہ نہیں روتی’۔
حمائمہ ملک نے اپنے ڈپریشن سے متعلق کُھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے 14 سال کی عُمر سے کام کرنا شروع کردیا تھا اور اب میری عُمر 34 برس ہوگئی ہے، اس طویل عرصے کے دوران مجھے کبھی اپنے بارے میں جاننے کا موقع ہی نہیں ملا’۔
اُنہوں نے کہا کہ ‘میری زندگی میں کئی اُتار چڑھاؤ ہوئے، کچھ لوگوں سے خراب تعلقات بھی رہے، کم عمر میں شہرت تو مل گئی لیکن میں ڈپریشن میں بھی چلی گئی تھی’۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ‘میں ایک خوش مزاج انسان ہوں لیکن مجھے بہت جلدی رونا آجاتا ہے اور ڈپریشن کی وجہ سے مجھے ہر چھوٹی سی چھوٹی بات پر رونا آجاتا تھا’۔
حمائمہ ملک کے مطابق اُنہوں نے ڈپریشن سے نکلنے کے لیے اپنا علاج بھی کروایا جس کے بعد سے وہ اب پہلے سے کافی بہتر محسوس کرتی ہیں اور اب ہر وقت غمزدہ نہیں رہتی ہیں’.
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ‘اداکار بظاہر خوش نظر آتے ہیں لیکن وہ اپنی نجی زندگی میں جس طرح کے حالات سے گزر رہے ہوتے ہیں، اُس کا علم کسی کو نہیں ہوتا’۔
واضح رہے کہ حمائمہ ملک نے بالی ووڈ میں عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’’راجا نٹور لال‘‘ کی تھی جبکہ سال 2012 میں اُنہوں نے سُپر اسٹار سنجے دت کے ساتھ فلم ’’شیر‘‘ میں بھی کام کیا تھا لیکن بدقسمتی سے یہ فلم سنجے دت کے جیل جانے کے باعث مکمل نہ ہوسکی تھی۔