افغانستان کا بھارت میں سفارتخانہ آج سے بند کرنے کا اعلان
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت میں افغانستان کے سفارت خانے نے آج سے تمام سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے افغان سفارت خانے نے خط لکھ دیا ہے جس کہا ہے کہ افغان سفارت خانہ بند کرنے کی وجہ بھارت کا عدم تعاون ہے۔
افغان سفارت خانے کا کہنا ہے کہ بھارت افغان مفادات کے لیے خدمات کی توقعات پوری کرنے میں ناکام رہا۔خط میں افغان سفارت خانے نے کہا ہے کہ عملے اور وسائل میں کمی سے آپریشن جاری رکھنا چیلنجنگ ہو رہا ہے، سفارت کاروں کے لیے ویزہ تجدید بر وقت نہ ہونا بھی معطلی کی وجوہات میں شامل ہے۔
افغان سفارت خانے کا کہنا ہے کہ سفارت خانے کے عملے کے آپس کے جھگڑے کا بے بنیاد دعویٰ مسترد کرتے ہیں، کوئی بھی سفارت کار موجودہ بحران کو کسی تیسرے ملک میں پناہ حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کر رہا۔
افغان سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت سفارت خانے کا کنٹرول ایک نگراں کی حیثیت سے سنبھالے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حالیہ مہینوں میں افغان سفیر اور دیگر سینئر سفارت کار بھارت سے بیرونِ ملک منتقل ہوئے ہیں۔ یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ افغان سفیر اور دیگر سینئر سفارت کار یورپ اور امریکا میں پناہ ملنے پر بھارت سے منتقل ہوئے۔