اداکارہ ماہرہ خان کی دوسری شادی کی خبریں ایک بار پھر گردش کرنے لگیں


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف، خوبرو اور سٹار اداکارہ ماہرہ خان کی دوسری شادی کے حوالے سے گردش کرتی خبروں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے، اداکارہ نے آج شادی کی پرمسرت تقریب کیلئے کسی گرینڈ ہال کی بکنگ کے بجائے آج کل ٹرینڈ کرتی ڈیسٹی نیشن ویڈنگ کا انتخاب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب کیلئے مری میں واقع فائیو سٹار ریزورٹ پی سی ہوٹل بھوربن کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ اس خاص تقریب میں اداکارہ کے چند قریبی رشتے دار اور دوست احباب کو مدعو کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آج ہونے والی شادی کی تقریب سے قبل ہوٹل اور اردگرد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ہوٹل کے عملے کو بھی موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی شادی ان کے قریبی دوست سلیم خان سے ہو رہی ہے، تاہم اس خبر سے متعلق اب تک اداکارہ کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔